محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ نے پولٹری فارمرز کو شدید گرمی کے باعث شیڈز میں تازہ پانی کی فراہمی کا مناسب انتظا م کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شدید گرمی کے باعث فارمرز شیڈز میں تازہ پانی کا انتظام رکھیں،محکمہ لائیو سٹاک

مزید خبریں
سیالکوٹ۔19مئی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ نے پولٹری فارمرز کو شدید گرمی کے باعث شیڈز میں تازہ پانی کی فراہمی کا مناسب انتظا م کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تحصیل سیالکوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹرڈاکٹر تنویر احمد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوراک اور پانی دونوں پولٹری فارمنگ کے لئے انہائی اہم ہیں لیکن پانی کی اہمیت خوراک سے بھی کہیں زیادہ ہے کیونکہ خوراک کے بغیر مرغی ایک سے 2ہفتے تک زندہ رہ سکتی ہے لیکن پانی کے بغیرمرغی چند گھنٹے بھی نہیں گزار سکتی۔ انہوں نے کہاکہ مرغی کا جسم 60 فیصد پانی پر مشتمل ہوتاہے جبکہ چوزوں کا جسم 80 فیصد پانی کا حامل ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مرغیوں میں چربی 98فیصد اور لحمیات 50 فیصد تک بھی ضائع ہو جائیں تو مرغی زندہ رہ سکتی ہے لیکن اگر پانی کی مقدار 10فیصد بھی کم ہو جائے تو نمکیات کا تناسب بگڑنے سے اس کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ پولٹری فارمرز کی اکثریت پانی کی اہمیت سے ناواقف ہے اور وہ صرف خوراک و دیگر ضروریات کو اہمیت دیتے ہیں لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ موسم گرما میں پانی کی کمی چوزوں کی شرح اموات میں اضافے کا موجب بننے کے ساتھ ساتھ ان کی نشو و نما اور پیداوار پر بھی بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔ انہوں نے مرغبانوں کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی اہمیت کو مد نظر رکھیں تاکہ پولٹری فارمنگ کے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔








