سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت بہاولپور میں کپاس کی فصل بارے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں
بہاولپور ڈویژن میں 16 لاکھ 95 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،سیکرٹری زراعت پنجاب کو بریفنگ

مزید خبریں
لاہور۔19مئی (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرِ صدارت بہاولپور میں کپاس کی فصل بارے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، محکمہ انہار کے افسران، کاشتکاروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جبکہ بہاولنگر اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں سیکرٹری زراعت پنجاب کو بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن میں 16 لاکھ 95 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کپاس کی فصل کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے اور بہاولپور ڈویژن میں کپاس کی کاشت کا 80 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کے کل ہدف کا 50 فیصد سے زائد بہاولپور ڈویژن سے حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی قیادت میں بہاولپور ڈویژن میں کپاس کے اہداف کے حصول کیلئے جاری مہم کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منظرنامے کے مطابق رواں سیزن کپاس کی قیمتیں مستحکم اور حوصلہ افزا رہیں گی جبکہ پھٹی کی موجودہ مقامی مارکیٹ 11 ہزار روپے فی من سے تجاوز کر چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں میں کھادوں اور معیاری زرعی ادویات کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ کپاس کے علاقوں میں نہری پانی کی وافر مقدار میں فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ افتخار علی سہو نے اس امر پر زور دیا کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کا ہدف حاصل کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا فعال اور عملی کردار ناگزیر ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے ہدایت کی کہ 31 مئی تک کپاس کی کاشت کے 100 فیصد ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جائے اور فیلڈ فارمیشنز کپاس کی نگہداشت کیلئے جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔بعدازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ماڈل ایگری کلچر مال بہاولپور کا دورہ کیا اور وہاں جاری آپریشنل سرگرمیوں کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ ماڈل ایگری کلچر مال میں کاشتکاروں کو دی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔








