ایرانی قونصلر کا دورہ آئی سی سی آئی، امن و علاقائی ہم آہنگی کے لئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، محسن شہبازی

اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے قونصلر محسن شہبازی نے کہا ہے کہ پاکستان نے سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں انتہائی قابل تحسین اور تعمیری کردار ادا کیا ، حالیہ کشیدگی کے دوران ایرانی قوم کے ساتھ اس کی غیر متزلزل یکجہتی قابل تعریف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے …

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے قونصلر محسن شہبازی نے کہا ہے کہ پاکستان نے سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں انتہائی قابل تحسین اور تعمیری کردار ادا کیا ، حالیہ کشیدگی کے دوران ایرانی قوم کے ساتھ اس کی غیر متزلزل یکجہتی قابل تعریف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے دورے کے دوران ڈاکٹر سمانہی کمالی مقدم سیکنڈ سیکرٹری کے ہمراہ کیا ۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کی قیادت اور تاجر برادری کے اراکین کے ساتھ باہمی تجارت، اقتصادی تعاون اور پاک ایران علاقائی روابط مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔محسن شہبازی نے ایرانی قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے اور ایران اور امریکا کے درمیان مثبت ثالثی کا کردار ادا کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن اور علاقائی ہم آہنگی کے لئے پاکستان کی کوششیں واقعی قابل تعریف ہیں اور یہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہیں،دونوں ممالک دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ علاقائی رابطوں کی تزویراتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے وسطی ایشیائی ریاستوں اور دیگر بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے میں دونوں ممالک کی بندرگاہوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ایرانی سفارتکار نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ سفارتخانہ پاکستانی تاجروں بالخصوص آئی سی سی آئی کے اراکین کو ویزوں، تجارتی تعاون اور کاروباری رابطوں سے متعلق معاملات میں سہولت فراہم کرنے کے لئےپرعزم ہے۔

آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ حالیہ علاقائی صورتحال پاکستان اور ایران کے عوام کو مزید قریب لے آئی ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے آنے والے سالوں میں حکومت سے حکومت، عوام سے عوام اور کاروباری تعلقات مزید بڑھیں گے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستان نے تنازعات کے حل اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے لئے ہمیشہ سفارتکاری اور پرامن بات چیت کی وکالت کی ۔صدر آئی سی سی آئی نے ایران کے بہادر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ایرانی قوم حالیہ مالی نقصانات اور مشکلات پر کامیابی سے قابو پالے گی۔ انہوں نے توانائی، زراعت، دواسازی، سیاحت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے بے پناہ امکانات کو بھی اجاگر کیا خاص طور پر ایران کے ساتھ توانائی کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے زرعی مصنوعات بالخصوص آم اور سیب کی دوطرفہ تجارت میں اضافے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ایران کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کے لئے ایرانی حکومت کی جانب سے دی جانے والی حمایت کو سراہا۔ سیکنڈ سیکرٹری ڈاکٹر سمانہی کمالی مقدم نے بھی پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارت، کاروباری شراکت داری اور نجی شعبے کے تعاون کو بڑھانے کے لئے قابل قدر بصیرت اور تجاویز کا اشتراک کیا۔

آئی سی سی آئی کی قیادت نے قریبی اقتصادی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں ایرانی سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حقیقی امکانات کھولنے کے لئے تجارتی وفود، کاروباری فورمز، نمائشوں اور B2B میٹنگز کے انعقاد کے لئے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔نمایاں شرکا میں نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبر وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، آئی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے سسٹر سٹیز انیشی ایٹو کے چیئرمین ساجد اقبال اور آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ سمیت تاجر برادری کے اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 

مزید خبریں