عیدالاضحیٰ کی آمد ،ملتان میں بیوٹی پارلرز کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا

ملتان میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی بیوٹی پارلرز کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ۔ شہر بھر کے معروف پارلرز میں مختلف سروسز کی ایڈوانس بکنگز مکمل ہو چکی ہیں جبکہ کئی بیوٹیشنز نے اضافی سٹاف بھی رکھ لیا ہے

ملتان۔ 20 مئی (اے پی پی):ملتان میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی بیوٹی پارلرز کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ۔ شہر بھر کے معروف پارلرز میں مختلف سروسز کی ایڈوانس بکنگز مکمل ہو چکی ہیں جبکہ کئی بیوٹیشنز نے اضافی سٹاف بھی رکھ لیا ہے۔ معروف بیوٹیشن زیب النسا نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید سیزن میں غیر معمولی رش میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ بکنگز فل ہو گئی ہیں جس سے کاروبار میں اضافے کے باعث آمدن بھی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عید سے ایک ہفتہ قبل کاروبار میں تیزی آنا شروع ہو جاتی ہے تاہم آخری تین دنوں میں رش کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ بیوٹیشن آمنہ اسلم نے بتایا کہ گزشتہ سال عید سیزن میں ان کے پارلر کی یومیہ آمدن تقریباً 40 سے 50 ہزار روپے تھی جو رواں سال بڑھ کر 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عام عید میک اپ پیکج 4 ہزار سے 10 ہزار روپے جبکہ برائیڈل اور پارٹی میک اپ پیکجز 30 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید سیزن میں کاروبار میں تقریباً 60 سے 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔مارکیٹ سروے کے مطابق ملتان کے بڑے بیوٹی پارلرز عید کے دنوں میں مجموعی طور پر لاکھوں روپے کا کاروبار کر رہے ہیں جبکہ گھروں پر خدمات فراہم کرنے والی بیوٹیشنز بھی روزانہ 15 سے 30 ہزار روپے تک کما رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آن لائن بکنگ اور ہوم سروسز کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔معروف سکن سپیشلسٹ ڈاکٹر صائمہ رشید نے کہا ہے کہ عید سیزن میں خواتین کو غیر معیاری اور سستے میک اپ پراڈکٹس کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جلد پر زیادہ کیمیکل استعمال کرنے سے الرجی، ایکنی اور سکن انفیکشن کے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی میں ہیوی میک اپ کی بجائے ہلکی اور معیاری مصنوعات استعمال کرنا جلد کے لئے بہتر ثابت ہوتا ہے۔ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر حنا جاوید نے کہا کہ عید سے قبل فیشل اور سکن ٹریٹمنٹ کروانے والی خواتین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سکن کلینک پر آنے والی خواتین کی تعداد معمول سے تقریباً 40 فیصد زیادہ رہی۔ انہوں نے کہا کہ دھوپ اور گرمی میں سن بلاک کا استعمال بے حد ضروری ہے تاکہ جلد کو نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔بیوٹیشنز نے کہا کہ امپورٹڈ میک اپ برانڈز، سکن کیئر آئٹمز اور ہیئر پروڈکٹس کی قیمتوں میں 25 سے 35 فیصد اضافے نے کاروباری اخراجات بڑھا دیئے ہیں، تاہم اس کے باوجود عید سیزن بیوٹی انڈسٹری کے لئے سب سے منافع بخش ثابت ہو رہا ہے

مزید خبریں