صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے داروغہ والا اور سگیاں ایریا کے صنعتکاروں کے وفد نے پیسک ہائوس میں ملاقات کی۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے صنعتکاروں کے وفد کی ملاقات،انڈسٹری چلے گی تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے،چوہدری شافع حسین

مزید خبریں
لاہور۔20مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے داروغہ والا اور سگیاں ایریا کے صنعتکاروں کے وفد نے پیسک ہائوس میں ملاقات کی۔ ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر فہیم الرحمن سہگل وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ وفد نے داروغہ والا اور سگیاں ایریا میں واقع انڈسٹری پر روڈا کی جانب سے80 لاکھ روپے فی کنال چارجز عائد کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا۔ صدر لاہور چیمبر نے کہاکہ داروغہ والا اور سگیاں کے علاقے میں موجود انڈسٹری پر روڈا کے عائد کردہ بھاری چارجز نا انصافی ہے یہاں1500 چھوٹے صنعتی یونٹس موجود ہیں جن سے ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے،ایسا میکانزم بنایا جائے کہ یہاں دہائیوں سے لگی انڈسٹری بند نہ ہو۔صدر ایف سی سی آئی میاں انجم نثار نے کہاکہ داروغہ والا اور سگیاں میں کاٹیج انڈسٹری ہے،روڈا چارجز کے مسئلے کا جلد حل نکالا جائے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ روڈا کے چارجز کا معاملہ مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا اور انڈسٹری پرعائد چارجز کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا،معاملے کے حل کیلئے روڈا اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کا ایک پیج پر آنا لازم ہے،انڈسٹری چلے گی تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے،کسی صورت صنعت کا پہیہ رکنے نہیں دیں گے۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ داروغہ والا اور سگیاں کے علاقے میں موجود انڈسٹری ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار دے رہا ہے،معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جب تک روڈا چارجز بارے حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا،روڈا کسی فیکٹری کے خلاف ایکشن نہیں لے گا، تاہم تحفظ ماحولیات کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے ہدایت کی کہ انڈسٹری تحفظ ماحولیات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے،آئندہ نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بن رہی ہیں اور تیزی سے نئی انڈسٹری لگ رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور پنجاب کابینہ نے انڈسٹری کے فروغ کیلئے صنعتی مراکز میں لیز کی پالیسی کی منظوری دی ہے۔صنعتکار انڈسٹریل اسٹیٹس میں انڈسٹری لگائیں لیکن روڈا کے زیر اہتمام رہائشی علاقوں میں نئی انڈسٹری لگانے سے گریز کیا جائے۔ سی ای او روڈا عمران امین نے کہاکہ باہمی مشاورت سے جو بھی فیصلہ ہوا اس پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔اراکین وفدنے کہاکہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین صنعتکاروں کی مضبوط آواز ہیں۔سینئر نائب صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ،صدر ایف سی سی آئی میاں انجم نثار،سابق صدر محمد علی میاں،صدر داروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن شعبان اختر اور دیگر صنعتکار ملاقات میں موجود تھے۔سی ای او روڈا وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز نوشین ملک،ڈائریکٹر روڈا محمد عثمان اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔








