طویل جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے باوجود اپریل میں پاکستان کی معیشت کے مختلف و اہم شعبوں میں نمایاں بہتری،آٹو موبائل، زرعی اور مالیاتی شعبوں میں سرگرمیوں میں قابلِ ذکر اضافہ

طویل جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے باوجود اپریل میں پاکستان کی معیشت کے مختلف و اہم شعبوں میں نمایاں بہتری،آٹو موبائل، زرعی اور مالیاتی شعبوں میں سرگرمیوں میں قابلِ ذکر اضافہ

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):طویل جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے باوجود ماہ اپریل میں پاکستان کی معیشت کے مختلف واہم شعبوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ،آٹو موبائل، زرعی اور مالیاتی شعبوں میں سرگرمیوں میں قابلِ ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ٹاپ لائن سکیورٹیز نے بدھ کواپنے ایک تجزیہ میں کہاہے کہ آٹو موبائل کے شعبہ نے مستحکم رفتار برقرار رکھی ہے ،گاڑیوں اور ٹریکٹروں کی فروخت میں بالترتیب 106.9 فیصد اور 76.3 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا،

اس بہتری کی ایک بڑی وجہ آٹو فنانسنگ میں نمایاں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے جو 36.6 فیصد سےبڑھ کر 359.6 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔کھاد کے شعبے میں بھی مثبت رجحان سامنے آیا، یوریا کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 84.7 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجسے زرعی سرگرمیوں میں تیزی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

معاشی محاذ پر ثانوی مارکیٹ میں چھ ماہ کے ٹریژری بلوں کی اوسط شرح منافع 11.5 فیصد رہی جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مہنگائی میں تیز اضافے کے پیش نظر پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس اضافہ کرتے ہوئے اسے 11.50 فیصد کر دیا۔رپورٹ کے مطابق اپریل 2026 میں کنزیومر پرائس انڈیکس بڑھ کر 11.1 فیصد سالانہ سطح پر پہنچ گیا جس کی بنیادی وجوہات میں مقامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور توانائی کے نرخوں میں ردوبدل شامل ہیں،بیرونی شعبے میں جاری کھاتے کا خسارہ 324 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ درآمدی بل بڑھ کر 6.9 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

اسی طرح خالص غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری میں بھی کمی دیکھی گئی ۔رپورٹ کے مطابق اپریل میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای-100 انڈیکس میں ماہانہ بنیادوں پر 9.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے حل کیلئے جاری مذاکرات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں