کپاس کی بہتر پیداوار ہی کاشتکاروں کی خوشحالی کی ضامن ہے، افتخار علی سہو
کپاس کی بہتر پیداوار ہی کاشتکاروں کی خوشحالی کی ضامن ہے، افتخار علی سہو

مزید خبریں
ملتان۔20مئی (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کمشنر آفس ملتان میں کپاس کی صورتحال بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر ملتان عامر کریم خان،وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرآصف علی،سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی،ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیقی، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول،محکمہ انہار کے افسران،ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ،آصف مجید،خالد محمود کھوکھر،محمد الیاس سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جبکہ کمشنر ڈی جی خان چوہدری اشفاق احمد و متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز آن لائن شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں 7لاکھ 75ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اب تک کپاس کی کاشت کا 81فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ مزیدبرآں ڈی جی خان ڈویژن میں 4لاکھ 25ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور وہاں 93فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار ہی کاشتکاروں کی خوشحالی کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کا تعاون قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کی رہنمائی میں بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں تاکہ پیداواری اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔افتخار علی سہو نے کہا کہ مارکیٹوں میں کھادوں کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ زرعی زہروں میں ملاوٹ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہرین کی مشاورت سے موسمی صورتحال کے پیش نظر کاٹن ایڈوائزری جاری کی جائے تاکہ کاشتکار بروقت رہنمائی حاصل کر سکیں۔








