کسانوں کی فلاح و بہبود کے بغیر زرعی ترقی کا خواب پورا نہیں کیا جا سکتا،رانا محمد حاشر

کسانوں کی فلاح و بہبود کے بغیر زرعی ترقی کا خواب پورا نہیں کیا جا سکتا،رانا محمد حاشر

سیالکوٹ ،21 مئی (اے پی پی):کسانوں کی فلاح و بہبود کے بغیر زرعی ترقی کا خواب پورا نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہارعالمی یومِ چائے کے موقع پر ممتاز کسان رہنما رانا محمد حاشر نے کہوگڑھ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں چائے نہ صرف ایک مقبول مشروب ہے بلکہ لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔ پاکستان میں بھی چائے کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی سطح پر چائے کی کاشت کو فروغ دے کر درآمدی اخراجات میں کمی لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جدید زرعی تحقیق، معیاری بیج کسان کے لیے آسان قرض کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ زرعی شعبہ مزید مستحکم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ کسان اس وقت مہنگی کھاد، بجلی اور زرعی ادویات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کسان دوست پالیسیوں سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ دیہی معیشت بھی مضبوط ہو سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنائیں اور زراعت کو منافع بخش شعبہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب کے اختتام پر مقررین نے چائے کی صنعت سے وابستہ محنت کشوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کسانوں کے حقوق اور زرعی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔