مویشی منڈیوں میں جانوروں کی صحت، علاج معالجہ اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ،ڈاکٹر جاوید منیر

محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری ڈاکٹر جاوید منیر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قائم کی گئی تمام نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے جانوروں کی صحت، علاج معالجہ اور بیماریوں سے بچاؤ کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں

راولپنڈی۔21مئی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری ڈاکٹر جاوید منیر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قائم کی گئی تمام نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے جانوروں کی صحت، علاج معالجہ اور بیماریوں سے بچاؤ کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ تمام ویٹرنری سہولیات شہریوں کو بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

"اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید منیر نے بتایا کہ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی (سرویلنس)، علاج معالجہ، حفاظتی سپرے اور آگاہی مہم سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں منڈیوں میں آنے والے جانوروں کا مسلسل معائنہ کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی متعدی بیماری کے پھیلاؤ کو بروقت روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں آنے والے جانوروں کو چیچڑوں، مکھیوں اور دیگر حشرات سے محفوظ رکھنے کے لئے باقاعدگی سے سپرے کیا جا رہا ہے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی جانوروں کے لئے حفاظتی سپرے کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ بیماریوں کے ممکنہ خطرات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ڈاکٹر جاوید منیر نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ہر نوٹیفائیڈ مویشی منڈی میں ویٹرنری کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں ماہر ڈاکٹر اور عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہتا ہے۔

 

 

ان کیمپوں میں جانوروں کے علاج، طبی معائنے، بیماریوں کی تشخیص اور ادویات کی فراہمی سمیت تمام خدمات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی موبائل ویٹرنری وینز بھی فعال ہیں جو منڈیوں کے علاوہ شہری علاقوں میں بھی گشت کر رہی ہیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو جانوروں کی فوری طبی سہولیات اور مشاورت فراہم کی جا سکے۔

جانوروں کی متعدی بیماریوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب تک مویشی منڈیوں میں منہ کھر، لمپی سکن اور دیگر متعدی بیماریوں کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے اور مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیمار یا مشتبہ جانوروں کو مویشی منڈی میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے خریداروں اور بیوپاریوں کو جانوروں کی صحت، دیکھ بھال اور عمر کے تعین کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ شہری صحت مند اور شرعی تقاضوں کے مطابق جانور خرید سکیں۔ منڈیوں میں آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو جانوروں کی مناسب خوراک، صفائی اور بیماریوں سے بچاؤ کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر جاوید منیر نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک نے عوامی رہنمائی اور فوری مشاورت کے لئے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 080009211 بھی قائم کر رکھی ہے

جہاں شہری اپنے متعلقہ شہروں میں قائم ویٹرنری کیمپس، علاج معالجے کی سہولیات اور جانوروں کی بیماریوں سے متعلق معلومات اور ماہرین سے مشاورت حاصل کر سکتے ہیں۔