وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین سے جاپان کے سرکاری ادارے جیٹرو کے کنٹری ڈائریکٹر ماساتومو ایتو ناگا نے ملاقات کی جس دوران صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات اور مواقع کے حوالے سے بات چیت ہوئی
وزیر صنعت و تجارت پنجاب سے جیٹرو کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات ،صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات بارے بات چیت کی

مزید خبریں
لاہور۔24مئی (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین سے جاپان کے سرکاری ادارے جیٹرو کے کنٹری ڈائریکٹر ماساتومو ایتو ناگا نے ملاقات کی جس دوران صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات اور مواقع کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔کنٹری ڈائریکٹر جیٹرو ماساتومو ایتو ناگا کا کہنا تھاکہ جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن سرکاری ادارہ ہے جو جاپان کی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ہمارا ادارہ کراچی میں موجود ہے اور سندھ حکومت کے ساتھ کام کر رہا ہے، اب پنجاب حکومت کے ساتھ بھی مختلف شعبوں میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت جدید زراعت کے فروغ اور سپیڈ ڈویلپمنٹ پر کام کر رہی ہے،جدید زراعت کے فروغ کےلئے ڈرون ٹیکنالوجی کے حوالے سے چین کے ہواوے گروپ کے ساتھ تعاون کا معاہدہ موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے،سرمایہ کاروں کو معاشی سرگرمیوں کےلئے ایک ہی چھت تلے30 روز میں این او سی مل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ای وی سیکٹر کا فروغ بھی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے کاربن ٹریڈ پالیسی بھی متعارف کرا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جاپان آٹو سیکٹر میں مہارت رکھتا ہے،پنجاب اور جاپان کے درمیان اشتراک عمل کے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور جاپان توانائی،آٹو،جدید زراعت،ٹیکسٹائل،ماحولیات اور دیگر شعبوں میں تعاون کرسکتے ہیں،اس حوالے سے محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور جاپان کے سرکاری ادارے جیٹرو کے درمیان جلد تعاون کا معاہدہ ہوگا،جیٹرو پنجاب میں جاپانی کمپنیوں کی سرمایہ کاری لانے کےلئے کردار ادا کرے۔ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر بھی موجود تھے۔








