عالمی منڈی میں اعتماد برانڈز کا سب سے بڑا سرمایہ ہے، افتخار علی ملک

عالمی منڈی میں اعتماد برانڈز کا سب سے بڑا سرمایہ ہے، افتخار علی ملک

لاہور۔26مئی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ جب کوئی برانڈ اعتماد حاصل کر لیتا ہے تو خریدار قیمت میں رعایت نہیں بلکہ اس کی دستیابی کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے انتہائی مسابقتی عالمی بازار میں اعتماد سب سے قیمتی اثاثہ بن چکا ہے۔ منگل کو یہاں مارکیٹنگ ماہرین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور خریداروں کے اطمینان کے ذریعے ساکھ بنانے میں برسوں لگ جاتے ہیں۔

جب خریدار کسی برانڈ کی قابلِ اعتماد حیثیت پر یقین کر لیتے ہیں تو وہ مطلوبہ قیمت ادا کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے کیونکہ انہیں معیاری مصنوعات اور بہتر قدر کی یقین دہانی ہوتی ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ اعتماد پر مبنی برانڈنگ نہ صرف فروخت میں اضافہ کرتی ہے بلکہ برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے حصول کے ذریعے معیشت کو بھی مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ قلیل مدتی منافع کے بجائے طویل المدتی ساکھ پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں مثر مقابلے کے لیے مصنوعات کے معیار، جدت، اخلاقی کاروباری اصولوں اور بہترین سروس میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کامیاب برانڈز جیسے انٹرلوپ، گارڈ، سروس اور چن ون نے ثابت کیا ہے کہ خریداروں کی وفاداری صرف جارحانہ تشہیر سے نہیں بلکہ معیار برقرار رکھنے اور وعدے پورے کرنے سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک قابلِ اعتماد برانڈ خریداروں کے ذہن میں جذباتی اعتماد پیدا کرتا ہے، جس کے باعث مشکل معاشی حالات میں بھی وہی برانڈ پہلی ترجیح بن جاتا ہے۔