روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک پیسہ مضبوط
روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک پیسہ مضبوط

مزید خبریں
اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کے روز پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک پیسہ مضبوط ہو گیا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 278 روپے 50 پیسے ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ روز یہ شرح 278 روپے 51 پیسے تھی۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی خریداری اور فروخت کی شرح بالترتیب 278 روپے 80 پیسے اور 279 روپے 55 پیسے رہی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یورو کی قدر میں 3 پیسے اضافہ ہوا اور یہ 324 روپے 09 پیسے پر بند ہوا، جبکہ گزشتہ روز اس کی قیمت 324 روپے 06 پیسے تھی۔
جاپانی ین کی قیمت میں ایک پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 1 روپے 74 پیسے پر بند ہوا۔برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں ایک روپے 63 پیسے کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی شرح تبادلہ 373 روپے 84 پیسے ہو گئی، جبکہ گزشتہ روز یہ 375 روپے 47 پیسے تھی۔
متحدہ عرب امارات کے درہم کی قیمت 75 روپے 82 پیسے پر مستحکم رہی، جبکہ سعودی ریال ایک پیسہ کمی کے بعد 74 روپے 21 پیسے پر بند ہوا۔








