سیالکوٹ،کاشتکاروں کو خربوزے کی فصل کو پھل کی مکھی سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت

محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو خربوزے کی فصل کو پھل کی مکھی سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

سیالکوٹ۔3جون (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو خربوزے کی فصل کو پھل کی مکھی سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن )سیالکوٹ ڈاکٹرمقصود احمد نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ خربوزے کی تیار فصل کو پھل کی مکھی کے حملے سے بچانے کے لیے فوری حفاظتی سپرے کریں اور سپرے کے بعد 10 روز تک پھل کی برداشت سے اجتناب کریں۔انہوں نے بتایا کہ گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ خربوزے کی فصل پر پھل کی مکھی کے حملے کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے پیداوار اور پھل کے معیار کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس لیے کاشتکار فصل کی باقاعدہ نگرانی کریں اور جیسے ہی حملے کی ابتدائی علامات ظاہر ہوں، زرعی ماہرین کے مشورے سے مناسب زرعی ادویات کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نےکہا کہ کسان محکمہ زراعت (توسیع و پلانٹ پروٹیکشن ) کے متعلقہ ماہرین کی رہنمائی کے بغیر زرعی زہروں کا استعمال نہ کریں کیونکہ غیر مناسب یا ضرورت سے زیادہ سپرے پھل کے معیار اور انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سفارش کردہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے فصل کو نقصان سے محفوظ بنائیں اور بہتر پیداوار حاصل کریں۔

مزید خبریں