ریسکیو 1122 عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کرنے والا ایک مثالی ادارہ ہے، ڈی سی سرگودھا
ریسکیو 1122 عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کرنے والا ایک مثالی ادارہ ہے، ڈی سی سرگودھا

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 03 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرسرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے ریسکیو 1122 سرگودھا کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے محکمہ کے افسران و اہلکاروں میں نقد انعامات و تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ کو پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کی سالانہ درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر شیلڈ اور تعریفی سند سے نوازا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کرنے والا ایک مثالی ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن کا حصول ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور ان کی پوری ٹیم کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی حالات، حادثات اور قدرتی آفات کے دوران ریسکیو 1122 کے جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کی مدد کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریسکیو 1122 سرگودھا آئندہ بھی اپنی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے نئے معیار قائم کرے گا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے اس اعزاز کو پوری ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








