عوامی سہولت، شہری تحفظ اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے واسا مری نے ایک اور اہم اور دور رس اقدام اٹھاتے ہوئے جدید طرز کے مضبوط ڈرین کورز کی تنصیب کا آغاز کر دیا ہے
عوامی سہولت اور جدید انفراسٹرکچر کی جانب اہم پیش رفت، واسا مری نے جدید ڈرین کورز کی تنصیب شروع کر دی

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 03 جون (اے پی پی):عوامی سہولت، شہری تحفظ اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے واسا مری نے ایک اور اہم اور دور رس اقدام اٹھاتے ہوئے جدید طرز کے مضبوط ڈرین کورز کی تنصیب کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ ڈپٹی کمشنر مری کی خصوصی ہدایات اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا مری کی نگرانی میں جاری ہے، جس کا مقصد نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر، محفوظ اور پائیدار بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق ماضی میں مختلف مقامات پر نصب روایتی ڈرین کورز کے چوری ہونے، اپنی جگہ سے ہٹ جانے یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث شہریوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ بعض اوقات کھلے مین ہولز اور نالوں کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا تھا، جس کے پیش نظر واسا مری نے اس مسئلے کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ خصوصی ڈرین کورز متعارف کرائے ہیں۔واسا حکام کے مطابق نئے ڈرین کورز کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ سڑک کے ڈھانچے کے ساتھ مضبوطی سے منسلک رہیں گے، جس سے ان کے چوری ہونے یا اپنی جگہ سے ہٹنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ جائیں گے۔ اس جدید نظام سے نہ صرف شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے گی بلکہ نکاسی آب کے نظام کی کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ ان کورز کی تیاری میں جدید مواد استعمال کیا گیا ہے جبکہ ان کے رنگ کو خام مال میں ہی شامل کیا گیا ہے، جس کے باعث بار بار رنگ و روغن کی ضرورت کم ہوگی۔ اس اقدام سے سرکاری وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ دیکھ بھال کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ مزید یہ کہ یہ کورز شدید بارش، دھند، برف باری اور دیگر موسمی اثرات کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔واسا مری کے مطابق یہ ڈرین کورز اعلیٰ معیار کی مضبوط دھات سے تیار کیے گئے ہیں جو انتہائی پائیدار ہیں اور انہیں نقصان پہنچانا یا ان کی ساخت کو تبدیل کرنا انتہائی مشکل ہے۔ جدید ڈیزائن اور مضبوط تعمیر کی بدولت یہ منصوبہ شہری انفراسٹرکچر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔شہری حلقوں نے واسا مری کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے نہ صرف نکاسی آب کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ عوامی تحفظ اور شہری سہولیات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔ ماہرین کے مطابق ایسے جدید اور پائیدار منصوبے کسی بھی شہر کی طویل المدتی ترقی اور بہتر شہری نظم و نسق کے لیے ناگزیر ہوتے ہیں۔واسا مری کا کہنا ہے کہ ادارہ صرف موجودہ ضروریات کو پورا کرنے تک محدود نہیں بلکہ مستقبل کی نسلوں کے لیے محفوظ، مضبوط اور جدید انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھنے کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہا ہے۔ عوامی سہولت، وسائل کے مؤثر استعمال اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے ایسے منصوبے ادارے کے عزم اور وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔








