وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پشاور کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں چیف منسٹر ماڈل سکولز کے مجوزہ منصوبے اور ابتدائی خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام سے متعلق اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 03 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پشاور کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں چیف منسٹر ماڈل سکولز کے مجوزہ منصوبے اور ابتدائی خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام کے لیے قانونی فریم ورک کی تیاری کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ چیف منسٹر ماڈل سکولز کا قیام ہماری حکومت کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر ماڈل سکولز میں جدید تدریسی نظام، تربیت یافتہ اساتذہ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، چیف منسٹر ماڈل سکولز میں طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تعلیمی نظام کی بہتری اور معیار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع اور دیرپا اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر ماڈل سکولز کو صوبے میں معیاری اور جدید تعلیم کا مثالی ماڈل بنایا جائے گا۔ شعبہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل صوبے کے روشن مستقبل اور انسانی ترقی پر سرمایہ کاری ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اگلے مالی سال کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مجموعی طور پر 72 چیف منسٹر ماڈل سکولز قائم کیے جائیں گے۔ چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام کے لیے 9.5 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ چیف منسٹر ماڈل سکولز کے لیے علیحدہ قانون اور قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں گے جبکہ چیف منسٹر ماڈل سکولز کے انتظامی امور چلانے کے لیے سنٹرلائزڈ بورڈ آف گورنرز قائم کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان کے علاو¿ہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔








