تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ اول سالانہ امتحان 2026 کے دوران شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے دو امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے اور ایک جعلی امیدوار کو دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑ لیا، جبکہ امتحانی ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تین سپرنٹنڈنٹس، دو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور ایک پریکٹیکل …
انٹرمیڈیٹ امتحانات 2026، نقل اور جعلی امیدوار کے خلاف کارروائی، 5 امتحانی افسران برطرف، شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ترجمان تعلیمی بورڈ

مزید خبریں
راولپنڈی۔3جون (اے پی پی):تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ اول سالانہ امتحان 2026 کے دوران شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے دو امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے اور ایک جعلی امیدوار کو دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑ لیا، جبکہ امتحانی ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تین سپرنٹنڈنٹس، دو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور ایک پریکٹیکل ایگزامینر کو فوری طور پر ڈیوٹی سے برطرف کر دیا گیا۔ بورڈ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ امتحانی شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شفاف، باوقار اور جدید امتحانی نظام کے قیام کے وژن کے تحت انٹرمیڈیٹ اول سالانہ امتحان 2026 کے انعقاد کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات کے مطابق امتحانی مراکز میں غیر جانبداری، احتساب، فول پروف نگرانی اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو منصفانہ اور سازگار امتحانی ماحول فراہم کیا جا سکے۔کمشنر راولپنڈی و چیئرمین تعلیمی بورڈ انجینئر عامر خٹک کی نگرانی میں امتحانی مراکز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ نقل کلچر اور بوٹی مافیا کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے راولپنڈی، اٹک اور جہلم کے مختلف امتحانی مراکز اور پریکٹیکل لیبارٹریوں کے اچانک دورے کیے اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان کے امتحانی مرکز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول جلال پور شریف میں دو امیدوار رول نمبر 741978 اور 741979 نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے جبکہ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نمبر 4 لیاقت علی روڈ راولپنڈی میں رول نمبر 731881 کی جگہ ایک جعلی امیدوار امتحان دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ تینوں امیدواروں کے خلاف فوری طور پر کیس رجسٹرڈ کرکے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ امتحانی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گورنمنٹ ہائی سکول مری کے سپرنٹنڈنٹ منصور احمد عباسی، گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج راولپنڈی سینٹر اے کے سپرنٹنڈنٹ محمد علی ملک اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عادل حسین، جبکہ سینٹر بی کے سپرنٹنڈنٹ وسیم شہزاد اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ افتخار محمود کو فوری طور پر امتحانی ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا اور ان کی جگہ نئے افسران تعینات کر دیے گئے۔
دریں اثناء کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن حسن ابدال، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز حسن ابدال، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن حضرو، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 حضرو اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 2 حضرو کے امتحانی مراکز اور میٹرک پریکٹیکل امتحانات کی لیبارٹریوں کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک پریکٹیکل لیبارٹری میں تعینات پریکٹیکل ایگزامینر مہتاب حسین کو امتحانی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری طور پر برطرف کرکے نئے ایگزامینر کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔دوروں کے دوران امتحانی مراکز میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں، امیدواروں کے نشست پلان، سکیورٹی انتظامات، عملے کی حاضری اور مجموعی امتحانی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔
کنٹرولر امتحانات نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے انعقاد میں شفافیت، نظم و ضبط، امیدواروں کی سہولت اور حفاظتی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ امتحانی عمل اعلیٰ انتظامی معیار اور عوامی اعتماد کے مطابق مکمل ہو سکے۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے کہا کہ تعلیمی بورڈ راولپنڈی شفاف، منصفانہ اور نقل سے پاک امتحانی نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور امتحانی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، نقل یا جعل سازی میں ملوث کسی بھی فرد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔








