بی ایف اے کی کارروائیاں، ناقص خوراک اور حفظانِ صحت کی خلاف ورزیوں پر متعدد مراکز کو جرمانے عائد

لوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص خوراک کی فروخت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں قائم اشیائے خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا اور متعدد مراکز کے مالکان کو جرمانے عائد کیے۔

کوئٹہ۔ 03 جون (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص خوراک کی فروخت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں قائم اشیائے خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا اور متعدد مراکز کے مالکان کو جرمانے عائد کیے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف مضافاتی علاقوں میں کارروائی کے دوران ایک ریسٹورنٹ، ایک بیکنگ یونٹ اور ایک فاسٹ فوڈ پوائنٹ کے مالکان کو مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانہ کیا۔

حکام کے مطابق مذکورہ مراکز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کی ذاتی صفائی کا فقدان، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریا میں گندگی، نکاسی آب کے نامناسب انتظامات، مکھیوں کی بھرمار، اشیا پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخوں کا عدم اندراج اور خوراک کی تیاری میں مضر صحت رنگوں کے استعمال جیسے مسائل پائے گئے۔دوسری جانب بی ایف اے ٹیم نے علمدار روڈ اور مری آباد کے علاقوں میں بھی اشیائے خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا، جہاں ایک جوس شاپ، ایک پکوان سنٹر اور ایک بیکری شاپ سمیت متعدد مراکز کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔

حکام کے مطابق ان مراکز میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی میں غفلت، کھلے کوڑے دان، گندے برتنوں کا استعمال، اشیا پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخوں کا عدم اندراج، کوکنگ اور واشنگ ایریاز کا ایک ساتھ ہونا، ایکسپائرڈ جوسز، مشروبات اور دیگر اشیا کی موجودگی جبکہ فریزرز کی نامناسب حالت جیسی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں معائنوں اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں