نیپا کے زیرتربیت آفیسرز کی یہاں موجودگی پیشہ ورانہ ترقی اور خدمت خلق کی عمدہ کارکردگی کیلئے ان کے عزم کا ثبوت ہے، گورنربلوچستان جعفرخان

نیپا کے زیرتربیت آفیسرز کی یہاں موجودگی پیشہ ورانہ ترقی اور خدمت خلق کی عمدہ کارکردگی کیلئے ان کے عزم کا ثبوت ہے، گورنربلوچستان جعفرخان

کوئٹہ۔ 03 جون (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آفیسران کے استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے ٹریننگ میچورٹی فراہم کرتی ہے جس کے نتیجے میں آفیسرز نئے راستے تلاش کرنا شروع کرتے ہیں اور اپنی بعض کمزوریوں پر بھی قابو پا لیتے ہیں۔ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے زیر تربیت افسران کو اپنا تربیتی کورس پورا کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ صرف نیپا کی جانب سے ٹریننگ نہیں ہے بلکہ آپ کی قیادت، مہارت اور محفوظ مستقبل کیلئے وژن کو تیز کرنا ہے۔ میں آپ کی ٹریننگ اور سیکھنے کے اس سفر کے حوالے سے بہت پرامید ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے زیر تربیت آفیسرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ سید علی رضا شاہ نے ٹریننگ کورس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیپا کے زیرتربیت آفیسرز کی یہاں موجودگی پیشہ ورانہ ترقی اور خدمت خلق کی عمدہ کارکردگی کیلئے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔ انٹرایکشن کے دوران شرکاء نے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے امن و امان کی صورتحال، بیوروکریسی کے کردا ر، پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں بہتری، وفاق اور صوبہ کے درمیان اور وسائل کے بہترین استعمال کے حوالے سے سوالات کیے جن کا گورنر بلوچستان نے تفصیلی جواب دیئے۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے زیر تربیت آفیسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ محض کسی مخصوص ڈیپارٹمنٹ کے آفیسرز نہیں ہیں بلکہ آپ پورے ملک اور صوبے کے خادم ہیں۔ افسران کے استعداد کار کو بڑھانے اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے پیشہ ورانہ تربیت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ قابل اور ایماندار افسران ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر مندوخیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پائیدار امن کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اولین شرط ہے۔

ٹھوس حکومتی اقدامات کی وجہ سے اس وقت امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ نیپا کی جانب سے اس اہم ٹریننگ دینے کے بعد آپ سب پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ اپنے اپنے شعبے میں اپنے علم اور تجربے کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کریں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ آپ کسی کے دباؤ میں آئے بغیر اپنے فرائض سرانجام دیں۔ ہمارے معاشرے کو رشوت ستانی، اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی سے نجات دلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

 

مزید خبریں