ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کے ریلیف کیسز سے متعلق اجلاس کاانعقاد

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کے ریلیف کیسز کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا،

ایبٹ آباد۔ 03 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کے ریلیف کیسز کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ناگہانی آفات اور قدرتی حادثات کے نتیجے میں گھروں کے منہدم ہونے، جانی ومالی نقصان اور مال مویشیوں کے نقصانات کے ازالے سے متعلق کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران تمام کیسز کمیٹی کے اراکین کے سامنے پیش کیے گئے جن پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ مجموعی طور پر آٹھ ریلیف کیسز زیرِ بحث آئے جن میں سے پانچ کیسز کمیٹی کی متفقہ رائے سے منظور کیے گئے جبکہ تین کیسز کو مزید تصدیق اور دوبارہ جائزہ کے لیے متعلقہ حکام کو ارسال کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو حکومتی پالیسی اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ممکن ریلیف اور معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ متاثرین کی مشکلات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس، محکمہ صحت، محکمہ مواصلات و تعمیرات، محکمہ تعلیم، ضلعی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

مزید خبریں