فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے بار سلونا چیمبر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کو دونوں ملکوں کے درمیان صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یادداشت سے دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ …
بار سلونا چیمبر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے نئے دور کا آغاز ہے، فاروق یوسف
فیصل آباد ۔ 05 جون (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے بار سلونا چیمبر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کو دونوں ملکوں کے درمیان صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یادداشت سے دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ فیصل آباد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا تیسرا بڑا صنعتی،کاروباری اور تجارتی شہر ہے جہاں بین الاقوامی معیار کی انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کی جا رہی ہیں۔ یہاں صنعتیں لگانے والوں کو ٹیکس فری زون جیسی مراعات کے علاوہ بہترین بنیادی ڈھانچہ بھی مہیا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے بعد دونوں چیمبر باہمی رابطے میں رہتے ہوئے صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ بارسلونا چیمبر کے صدر ڈاکٹر جوزف نے فیصل آباد اور بارسلونا چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان پہلے ہی خوشگوار تعلقات تھے جبکہ اس یادداشت سے اِن میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپین کی بہت سی کمپنیاں جنوبی ایشیا میں کام کرنے کی خواہاں ہیں جبکہ پاکستان اس حوالے سے اُن کی پسندیدہ منزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے بھی پاکستان میں سپین کی طرف سے سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی۔ بارسلونا چیمبر آف کامرس کی انٹر نیشنل ڈائریکٹربرتا پیریز نے فیصل آباد چیمبر کے مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے علاوہ دونوں ملکوں کے تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری مستقبل میں تجارتی، صنعتی اور اقتصادی تعاون کے نئے دروازے کھولے گی اور اِس کے ذریعے دونوں ملکوں کے کاروباری حلقے ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں ملکوں کے تاجروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ بارسلونا چیمبر کے انٹر نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ مینیجر مسٹر الکو گومس نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ محنتی، مثبت سوچ رکھنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کی خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپین کے لوگوں کو پاکستان کادورہ کرنے اور اِس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔








