وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے ایف پی سی سی آئی کے پہلے شیڈو بجٹ 2026-27 کو تاریخی اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی کاروباری برادری کی اجتماعی دانش اور معاشی ترقی کی خواہشات کا عکاس ہے
ایف پی سی سی آئی کا شیڈو بجٹ کاروباری برادری کی متفقہ آواز ہے، شاہد عمران
لاہور۔7جون (اے پی پی):وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے ایف پی سی سی آئی کے پہلے شیڈو بجٹ 2026-27 کو تاریخی اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی کاروباری برادری کی اجتماعی دانش اور معاشی ترقی کی خواہشات کا عکاس ہے۔اتوار کو فوڈ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیڈو بجٹ میں ٹیکس اصلاحات، کاروباری طریقہ کار میں آسانی، برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے، صنعتی توسیع اور توانائی نرخوں میں معقولیت جیسے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں،جو کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔شاہد عمران نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل،تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور طویل المدتی معاشی وژن ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تجاویز سے کاروبار کی لاگت میں کمی، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ایس ایم تنویر،عاطف اکرام شیخ،ڈاکٹر گوہر اعجاز اور مختلف چیمبرز کے صدور کی قیادت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران ان سفارشات کو سنجیدگی سے زیر غور لائے گی تاکہ پاکستان زیادہ معاشی استحکام، بلند شرح نمو اور دیرپا خوشحالی حاصل کر سکے۔









