ورڈ آف انڈسٹریل کولیبریشن ٹو انہانس فیشن ایکسپورٹ (BICEFE)کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کا پہلا جدید اور عالمی معیار کا فیشن انوویشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے
پاکستان میں فیشن و ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانے کےلئے پہلا فیشن انوویشن سینٹر قائم کر دیا گیا، میاں کاشف اشفاق

مزید خبریں
لاہور۔7جون (اے پی پی):بورڈ آف انڈسٹریل کولیبریشن ٹو انہانس فیشن ایکسپورٹ (BICEFE)کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کا پہلا جدید اور عالمی معیار کا فیشن انوویشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔اتوار کو BICEFE کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے چارٹرڈ ادارے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن میں قائم یہ مرکز ٹیکسٹائل، فیشن، ملبوسات اور فرنیچر کے شعبوں میں تحقیق، ترقی اور مارکیٹ انٹیلی جنس کا مرکز بنے گا۔انہوں نے کہا کہ فیشن انڈسٹری تیزی سے بدلتی ہوئی صارف ترجیحات، جدید ٹیکنالوجی،پائیداری اور ڈیجیٹل تجارت کے فروغ کے باعث غیر معمولی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے،یہ مرکز ڈیزائنرز،صنعتکاروں، برآمد کنندگان، تعلیمی اداروں اور پالیسی سازوں کے درمیان تعاون کو فروغ دے گا۔مرکز بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات پر تحقیق،جدید ڈیزائننگ کی تربیت،مصنوعات میں تنوع اور مصنوعی ذہانت، اسمارٹ ٹیکسٹائلز اور ای کامرس سمیت جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔سمال اینڈ میڈیم بزنس نیٹ ورک کے مطابق آئندہ دس برس پاکستان کے فیشن اور ٹیکسٹائل شعبوں کیلئے تیز رفتار ترقی اور تبدیلی کا دور ہوں گےجن میں انوویشن سینٹرز اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جدت میں سرمایہ کاری اب ضرورت بن چکی ہے،یہ عالمی معیار کا فیشن انوویشن سینٹر پاکستان کو نئی کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے،برآمدات میں اضافہ کرنے،ہنر مند روزگار پیدا کرنے اور عالمی فیشن صنعت میں نمایاں مقام دلانے میں مدد دے گا۔اس سے پاکستان خام مال اور بنیادی ملبوسات فراہم کرنے والے ملک سے آگے بڑھ کر لگژری لینن، ڈینم اور اعلی معیار کے ملبوسات تیار کرنے والے ملک کے طور پر ابھر سکے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن یونیورسٹی کی وائس چانسلر حنا طیبہ خلیل نے کہا کہ انوویشن سینٹر کو عالمی برانڈز کے معیار کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کےلئے جرمن جامعات سے مالی معاونت حاصل کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔








