عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) ڈسٹرکٹ آفس جامشورو نے ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کے فروغ کے لیے مختلف تقریبات اور شجرکاری مہمات کا انعقاد کیا۔
سیپا کے زیرِ اہتمام شجرکاری مہم، آگاہی سیمینارز اور واک کا انعقاد
حیدرآباد۔ 07 جون (اے پی پی):عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) ڈسٹرکٹ آفس جامشورو نے ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کے فروغ کے لیے مختلف تقریبات اور شجرکاری مہمات کا انعقاد کیا۔
جامشورو، سائٹ کوٹری اور یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان واٹر مہران یونیورسٹی سمیت مختلف مقامات پر نیم اور دیگر پودے لگائے گئے۔ عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں سیپا جامشورو نے آرکروما کے تعاون سے مہران یونیورسٹی میں ایک تقریب بھی منعقد کی جہاں شجرکاری مہم اور ماحولیاتی آگاہی سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد ماحولیات کے تحفظ، پائیدار ترقی اور ماحول دوست اقدامات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر سیپا جامشورو کے ڈسٹرکٹ انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹر قطب الدین درس نے کہا کہ ادارہ ماحولیات کے تحفظ، آلودگی کے خاتمے اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ درخت فضائی آلودگی کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور انسانی صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے شجرکاری کو ہر فرد کی سماجی ذمہ داری قرار دیا، آرکروما کے نمائندگان نے بتایا کہ کمپنی اپنی صنعتی سرگرمیوں میں ماحول دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور ماحول پر منفی اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، آرکروما کے نمائندے ساجد جونیجو نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور آرکروما اس مقصد کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔









