وزیراعلی ٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محفوظ غذا ہر انسان کا بنیادی حق اور صحت مند قوم کی ضمانت ہے
معیاری غذا ہر شہری کا بنیادی حق اور صحت مند قوم کی ضمانت ہے، وزیراعلی ٰسندھ
کراچی۔ 07 جون (اے پی پی):وزیراعلی ٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محفوظ غذا ہر انسان کا بنیادی حق اور صحت مند قوم کی ضمانت ہے۔
اتوار کوعالمی یومِ غذائی تحفظ کے موقع پر وزیر اعلیٰ ہائوس سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ انسانی صحت، مضبوط معیشت اور پائیدار ترقی کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے، غیر معیاری اور آلودہ خوراک کئی خطرناک بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے،خوراک کی تیاری سے استعمال تک ہر مرحلے پر احتیاط، صفائی اور معیار یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے موثر نگرانی اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صاف پانی، حفظانِ صحت اور محفوظ خوراک کے اصولوں پر عمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی یومِ غذائی تحفظ ہمیں صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں، خواتین اور کمزور طبقات کو محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے کیونکہ محفوظ غذا ہی صحت مند قوم اور مضبوط معیشت کی بنیاد ہے۔









