پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کی مضبوط کارکردگی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران لسٹ ہونے والی نئی کمپنیوں نے سرمایہ کاروں کو نمایاں منافع فراہم کرتے ہوئے مارکیٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے
پاکستان سٹاک ایکسچینج، نئی کمپنیوں کی شاندار کارکردگی، سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کی مضبوط کارکردگی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران لسٹ ہونے والی نئی کمپنیوں نے سرمایہ کاروں کو نمایاں منافع فراہم کرتے ہوئے مارکیٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 13 نئی کمپنیوں نے اوسطاً 47 فیصد منافع دے کر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت دی ہے۔ ان کمپنیوں میں بعض نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے قابلِ ذکر منافع پیدا کیا۔نمایاں کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں میں زاریا لمیٹڈ کے شیئرز کی قیمت میں 179.5 فیصد جبکہ نیٹس انٹرنیشنل کمیونیکیشن کے شیئرز میں 154.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات، زراعت اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نئی کمپنیوں کی شمولیت نے سرمایہ کاروں کو متنوع سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق نئی کمپنیوں کی غیر معمولی کارکردگی پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔یہ مثبت رجحان نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی حوصلہ افزا ہے اور مستقبل میں پاکستان کی سرمایہ منڈی کی مزید وسعت اور استحکام کی توقعات کو مضبوط بناتا ہے








