الحمرا آرٹس کونسل کے زیر اہتمام دو روزہ مجسمہ سازی کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے دو روزہ مجسمہ سازی کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا

لاہور۔10جون (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے دو روزہ مجسمہ سازی کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ورکشاپ میں نامور مجسمہ ساز اور الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے سکلپچر کلاس کے استاد میثم حسین ورکشاپ میں نوجوانوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔

ای ڈی الحمرا محمد نواز گوندل نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمار ا نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کا مالک ہے، وہ دنیا کے ہر شعبہ میں ملک وقوم کا نام روشن کر رہا ہے، فنون لطیفہ کے شعبے میں الحمرا نوجوانوں کو فن سیکھنے کے بیش بہا مواقع فراہم کر رہاہے۔ محمد نوازگوندل نے کہا کہ مجسمہ سازی کی ورکشاپ میں نوجوانوں کی دلچسپی قابل تعریف امر ہے، ورکشاپ میں فن سیکھنے والوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ورکشاپ کے پہلے روز الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس نوین روما نے ورکشاپ کے شرکا کو خوش آمدید کہا ۔ورکشاپ میں تربیت فراہم کرنے والے آرٹسٹ میثم حسین نے نوجوانوں سے ملاقات کی ،ان سے اپنے تجربات شیئر کیے اور مجسمہ سازی کے فن پر شرکا کو مختلف مہارتوں سے آگاہ کیاجنہیں سیکھنے میں نوجوانوں نے بڑی دلچسپی لی۔واضح رہے الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ میں ہونے والی مختلف ورکشاپس میں نوجوان بے پناہ دلچسپی لے رہے ہیں، الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس فنون لطیفہ کے شعبے میں نوجوانوں کوفن سیکھ کر ملک وقوم کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کررہی ہے۔