وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے قازقستان کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی و صنعتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان صنعتی تعاون، اقتصادی ترقی، دوطرفہ تعلقات اور باہمی تجارت کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان صنعتی تعاون، اقتصادی ترقی، دوطرفہ تعلقات اور باہمی تجارت کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے صنعتی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور اہم شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ قازقستان کے سفیر نے پاکستان کی فرنیچر صنعت، اسپورٹس گڈز سیکٹر اور بحری انفراسٹرکچر، بالخصوص سمندری بندرگاہوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا وژن وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔مالیاتی روابط کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بینکاری روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ بینکوں کی شاخوں کے قیام کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے تاکہ بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط کو مؤثر سہولت فراہم کی جا سکے۔قازقستان کے سفیر نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی مکمل صلاحیت سے استفادہ کیا جا سکے ۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر اپنی اعلیٰ معیار، بہترین کاریگری اور شاندار فنشنگ کے باعث عالمی منڈی میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور اس کی بین الاقوامی سطح پر بڑی طلب موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان اور وسطی ایشیائی خطے کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔قازقستان کے سفیر نے پاکستانی صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کو قازقستان میں منعقد ہونے والی نمائشوں اور ایکسپوز میں شرکت کی دعوت دی، جس سے انہیں اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور نئے تجارتی روابط قائم کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔سفری سہولیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے قازقستان کے سفیر نے بتایا کہ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری سہولت پہلے سے موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا سہولت کے دائرہ کار کو بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے پاکستانی سیاحوں کو مزید ویزا سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ہارون اختر خان نے پاکستان کے وسیع سیاحتی امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن اور متنوع سیاحتی مقامات سے مالا مال ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بلند و بالا پہاڑ، وسیع صحرا اور دلکش مناظر دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے شعبے میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون دونوں ممالک کے لیے یکساں طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا اور اس سے ثقافتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔قازقستان کے سفیر نے پاکستان کی قدرتی خوبصورتی، جاری ترقیاتی کوششوں اور وژنری قیادت کو سراہتے ہوئے دونوں دوست ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری پر اعتماد کا اظہار کیا۔