نامور غزل گائیک استاد مہدی حسن کی برسی منائی گئی، شوبز حلقوں کی جانب سے تعزیتی تقریبات اور خراج عقیدت
شہنشاہ غزل استاد مہدی حسن کی برسی ہفتہ 13 جون کو منائی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):نامور گلو کار و شہنشاہ غزل استاد مہدی حسن کی برسی ہفتہ 13 جون کو منائی گئی ۔اس حوالہ سے شوبزوفلمی حلقوں اور ان کے مداحوں کی جانب سے تعزیتی سیمینارز و تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکانے ان کی فنی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
استاد مہدی حسن 18 جولائی 1927کو راجستھان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے باقاعدہ گلوکاری کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور فلم’’فرنگی‘‘ کے گیت سے انہیں مقبولیت حاصل ہوئی۔ استادمہدی حسن کو کلاسیکل موسیقی میں مشکل راگوں پر عبورحاصل تھااور یہی وجہ تھی کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں ان کے مداح وقدر دان آج بھی موجود ہیں۔شہنشاہ غزل استاد مہدی حسن کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ غزل گائیکی و کلاسیکل راگوں کے فن اور رموز سے واقفیت ہونے کےساتھ قدرت نے انہیں خوبصورت اورمسحور کن آواز سے بھی نوازا تھا ۔انہوں نے اپنے فنی کیریئر میں ہزاروں فلمی و غیر فلمی گیت اور غزلیں گائیں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہ حسن کارکردگی و تمغہ ہلال امتیاز سمیت دیگر قومی اعزازات سے بھی نوازا گیا ۔استاد مہدی حسن13 جون 2012 کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔








