کپاس کے کاشتکار فصل کو گرمی سے بچانے کے لیے مربوط زرعی حکمت عملی اپنائیں ،ڈائریکٹر سی سی آر آئی

کپاس کے کاشتکار فصل کو گرمی سے بچانے کے لیے مربوط زرعی حکمت عملی اپنائیں ،ڈائریکٹر سی سی آر آئی

ملتان۔ 14 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سی سی آر آئی) ملتان صباحت حسین نے موجودہ شدید گرم اور خشک موسمی صورتحال کے پیش نظر کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال میں فصل کی درست دیکھ بھال ہی بہتر پیداوار کی ضمانت ہے۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ کپاس اس وقت پھل پھول بننے کے حساس مرحلے میں ہے اور شدید گرمی کے دباؤ کے باعث پھول اور ٹینڈوں کے جھڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لیے کاشتکار کھیت میں آبپاشی کے نظام کو محتاط انداز میں برقرار رکھیں۔

ڈائریکٹر سی سی آر آئی نے کہا کہ کاشتکار کھیت میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ کھڑا پانی زیادہ گرم ہو کر جڑوں کو متاثر کرتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری متاثر اور پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے، ضرورت کے مطابق پانی دیا جائے اور اضافی پانی کے فوری نکاس کا مؤثر انتظام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پھول اور ٹیندے بننے کے مرحلے میں 3 سے 5 دن کے وقفے سے ہلکی آبپاشی جاری رکھی جائے تاکہ زمین میں مسلسل نمی برقرار رہے، آبپاشی ہمیشہ صبح سویرے یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کی جائے تاکہ بخارات کے ذریعے پانی کے ضیاع اور گرمی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔

غذائی انتظام کے حوالے سے انہوں نے سفارش کی کہ فصل کو گرمی کے جھلساو سے بچانے ،اور ٹینڈوں ،ڈوڈیوں میں اضافے کے لئے کاشتکار 200 گرام پوٹاشیم سلفٹ، 250 گرام میگنیشیم سلفیٹ،150 گرام زنک سلفیٹ ،100 گرام بوریکس اور ایک کلوگرام یوریا علیحدہ علیحدہ محلو ل بنا لیں اور پھر اس محلول کو 125 لٹر پانی میں ملا کر فی ایکڑ کے حساب سے صبح وشام سپرے کریں۔ بہتر نتائج کے لئے 15 دن بعد دوبارہ سپرے کیا جائے۔مزید برآں، پھول اور ٹیندے بننے کے مرحلے پر آدھی بوری یوریا یا ایک بوری کیلشیم امونیم نائٹریٹ فی ایکڑ آبپاشی کے ساتھ استعمال کی جا سکتی ہے۔

اسی طرح پوٹاش 10 سے 20 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، جو نہ صرف پانی کے مؤثر استعمال میں مدد دیتا ہے بلکہ پودوں کی گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت کو بھی بہتر بناتا ہے۔ڈائریکٹر سی سی آر آئی نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ روزانہ بنیادوں پر فصل کی نگرانی کریں، خصوصاً پھولوں اور ٹینڈوں کے جھڑنے، پتوں کے جھلساؤ اور عمومی صحت کا مشاہدہ کرتے رہیں تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے نقصان سے بچا جا سکے۔