گندم پیداواری مقابلہ میں ضلع خانیوال کے تین کاشتکاروں کی نمایاں پوزیشنز
گندم پیداواری مقابلہ میں ضلع خانیوال کے تین کاشتکاروں کی نمایاں پوزیشنز

مزید خبریں
خانیوال ۔ 15 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب گندم پیداواری مقابلہ 2025-26 میں ضلع خانیوال کے تین کاشتکاروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے کامیاب کسانوں میں انعامی چیکس تقسیم کیے اور ان کی محنت، لگن اور جدید زرعی طریقوں کے استعمال کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ جدید کاشتکاری، معیاری بیج، متوازن کھادوں کے استعمال اور محکمہ زراعت کی فنی رہنمائی سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب کسان دیگر کاشتکاروں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی کامیابیاں زرعی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔مقابلے میں محمد شعیب بابر سکنہ چک نمبر 2/AH تحصیل خانیوال نے 69.46 من فی ایکڑ خالص پیداوار حاصل کرکے پہلی پوزیشن اور 10 لاکھ روپے کا انعام اپنے نام کیا۔محمد ارشد آرائیں سکنہ موضع ملا پور، تحصیل کبیر والا نے 68.85 من فی ایکڑ خالص پیداوار کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور 8 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا۔
اسی طرح ملک محمد حیات اعوان سکنہ چک نمبر 24/10R، تحصیل خانیوال نے 55.31 من فی ایکڑ خالص پیداوار حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی اور 5 لاکھ روپے کے انعام کے حقدار قرار پائے۔تقریب میں محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کامیاب کسانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر پیداواری طریقوں کے فروغ سے زرعی شعبے کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔








