اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو سینئر ایڈیشنل سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی، انعام اللہ خان نے کیپ ٹاؤن میں منعقدہ پارلیمانی سرگرمیوں اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں صوبائی اسمبلی کی نمائندگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی
معذور افراد کے حقوق سے متعلق خیبرپختونخوا اسمبلی کی قانون سازی کو عالمی سطح پر سراہا گیا، اسپیکر کو رپورٹ پیش

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو سینئر ایڈیشنل سیکرٹری خیبرپختونخوا اسمبلی، انعام اللہ خان نے کیپ ٹاؤن میں منعقدہ پارلیمانی سرگرمیوں اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں صوبائی اسمبلی کی نمائندگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی میں اختیار کی جانے والی پالیسی تبدیلی کو بین الاقوامی سطح پر بے حد سراہا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1981ء کے قانون کے تحت معذور افراد سے متعلق قانون سازی بنیادی طور پر خیراتی بنیادوں پر استوار تھی، تاہم 2018ء میں نافذ کیے گئے نئے قانون کے ذریعے اس تصور کو تبدیل کرتے ہوئے حقوق پر مبنی قانون سازی کو اپنایا گیا، جو آئینِ پاکستان میں دئیے گئے مساوات اور یکساں مواقع کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔
انعام اللہ خان نے اسپیکر کو آگاہ کیا کہ ویسٹرن کیپ ٹاؤن پارلیمنٹ جنوبی افریقہ اور دولتِ مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے) کی کانفرنس کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی کی اس قانون سازی اور پالیسی تبدیلی کو مختلف ممالک کے نمائندوں کے سامنے پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے نہایت مثبت قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند اور قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے موقع پر مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود کے ساتھ قانون سازی اور ادارہ جاتی امور پر تبادلۂ خیال بھی ہوا۔ اس دوران ویسٹرن کیپ ٹاؤن کی صوبائی پارلیمنٹ کی سیکرٹری نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے ساتھ قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور میں تعاون کے فروغ کے لیے دوطرفہ معاہدے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔اس حوالے سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس نوعیت کے معاملات متعلقہ مجاز فورمز اور مقررہ طریقۂ کار کے تحت طے کیے جاتے ہیں
لہٰذا اس تجویز کو اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اسپیکر کی منظوری کی صورت میں اسمبلی سیکرٹریٹ متعلقہ اداروں کے ساتھ باقاعدہ رابطہ قائم کرے گا۔اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بین الاقوامی سطح پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی مثبت نمائندگی اور معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے کی جانے والی قانون سازی کی عالمی پذیرائی کو صوبے اور ملک کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ آئین اور قانون کے مطابق عوامی فلاح و بہبود اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔








