انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے صوبائی امن کمیٹیوں اور جید علما کرام کا اجلاس سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقد ہوا
محرم الحرام ،آئی جی پی خیبر پختونخوا کی زیر صدارت انتظامات کو حتمی شکل دینے بارے اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے صوبائی امن کمیٹیوں اور جید علما کرام کا اجلاس سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقد ہوا ۔تر جمان سینٹرل پولیس آ فس پشاور کے مطابقاجلاس میں تمام اضلاع اور دور دراز علاقوں کے نامور علما کرام اور امن کمیٹی کے نمائندوں نے اپنے اپنے ریجنل پولیس افسران کے دفاتر سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، سی سی پی او پشاور اور ایس ایس پی آپریشنز پشاور بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران آئی جی پی ذوالفقار حمید نے محرم الحرام بالخصوص ایامِ عاشورہ کے دوران امن و امان قائم رکھنے اور سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیےتمام مکاتبِ فکر کے علما اور امن کمیٹی کے ممبران کی تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔آئی جی پی نے عشرہ محرم الحرام کے دوران مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کے مابین قریبی رابطہ اوراتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تعاون کے بغیر کسی بھی موقع پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مکمل کامیابی حاصل نہیں کر سکتی اور ہم سب کو مل جل کر معاشرے میں امن وامان کے قیام اور ترقی و خوشحالی کےلئے نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ عوام کی ذہن سازی اور کردار سازی میں علما کرام کا کردار بہت اہم ہے اور ہم سب کو ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر صبر و برداشت اور تحمل سے کام کرنا ہوگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ محرم الحرام میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ہم سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات کو بھلاکر ملکی استحکام اور اپنی نسلوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے ملک دشمن عناصر اور تخریب کاروں کے مذموم عزائم کو بروقت ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اضلاع کی سطح پر ضلعی انتظامیہ اور مقامی امن کمیٹیوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر تعاون بڑھائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سدِباب وقت سے پہلے کیا جاسکے اور عوام پرامن ماحول میں اپنے مذہبی فرائض سرانجام دے سکے۔
آئی جی پی نے کہا کہ محرم الحرام خاص طور پر ایامِ عاشورہ ہمیں ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں اور یہی وہ وقت ہے جب ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور بین المسالک ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کی محافظ ہے اور ہم عوامی نمائندوں، جید علما ، امن کمیٹیوں اور کاروباری حلقوں کو اعتماد میں لے کر ایسا فول پروف سکیورٹی پلان بنا رہے ہیں جس سے صوبہ بھر میں سماج دشمن عناصر کا مکمل قلع قمع کیا جا سکے۔ آئی جی پی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی خاطر ہم سب کو ایک پیج پر رہتے ہوئے مثالی رواداری، بہترین بھائی چارے اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ شرپسندوں کی کسی بھی ناپاک سازش کو یکسر ناکام بنایا جا سکے۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے واضح کیا کہ ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی ۔شرپسندی کی ہر حال میں حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ اجلاس میں صوبائی امن کمیٹیوں کے ارکان نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے اپنے کارکنوں کی خدمات رضاکارانہ طور پر انتظامیہ کو پیش کرنے کی پیشکش کی۔
اُنہوں نے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لئے پولیس کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ امن کمیٹیوں کے ارکان نے جلوسوں کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کرانے ،شہر میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کرنے اور مقامی مشران کےساتھ پولیس کا قریبی رابطہ رکھنے کی تجویز دی۔اجلاس میں ملک کی سلامتی کے لئے اجتماعی دعا بھی کی گئی ۔








