فنونِ لطیفہ کسی بھی معاشرے کی ثقافتی شناخت کا آئینہ دار ہوتے ہیں، آرٹ نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے بلکہ معاشرے میں برداشت، ہم آہنگی اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتا ہے
پنجاب کونسل آف دی آرٹس میں راولپنڈی کے سینئر فنکاروں کی پینٹنگ نمائش کا افتتاح

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 16 جون (اے پی پی):فنونِ لطیفہ کسی بھی معاشرے کی ثقافتی شناخت کا آئینہ دار ہوتے ہیں، آرٹ نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے بلکہ معاشرے میں برداشت، ہم آہنگی اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی میں منعقدہ راولپنڈی کے سینئر فنکاروں کی پینٹنگ نمائش کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوسرے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ راولپنڈی کے فنکار اپنی تخلیقی کاوشوں کے ذریعے ثقافت اور تہذیب کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ نمائش میں راولپنڈی کے معروف اور سینئر فنکاروں کے فن پارے پیش کیے گئے جن میں ثقافتی ورثے، قدرتی مناظر، سماجی موضوعات اور عصری فن کے مختلف رنگ نمایاں تھے۔ نمائش کو آرٹ سے وابستہ شخصیات، طلبہ، اساتذہ اور شہریوں نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا اور فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔دیگر اہم مہمانان میں اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی ایمان ظفر اور پنجاب کونسل کی فاونڈر اور سابقہ ڈائریکٹر ناہید منظور شامل تھے۔
اس موقع پرڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی محمد شکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس فنونِ لطیفہ کے فروغ اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشیں فنکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتی ہیں اور عوام کو معیاری فن سے روشناس کرانے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہیں محمد شکور نے نمائش کے منتظم اور سینئر آرٹسٹ عظیم اقبال کی خصوصی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب نمائش کے انعقاد میں عظیم اقبال کا کردار نہایت اہم اور قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے راولپنڈی کے سینئر فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے اس نمائش کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب میں فنکاروں، ادیبوں، دانشوروں، اساتذہ، طلبہ، آرٹ کے شائقین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے اس نمائش کو راولپنڈی کی ثقافتی اور فنی سرگرمیوں میں ایک اہم اضافہ قرار دیتے وئے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی کاوشوں کو سراہا۔








