ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) سٹی چارسدہ نے دو دیرینہ تنازعات کو باہمی رضامندی اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کر دیا۔ترجمان چارسدہ پولیس کے مطابق پہلے معاملے میں ایک خاتون کی درخواست بذریعہ ڈی ایس پی سٹی چارسدہ موصول ہونے پر چیئرمین ڈی آر سی سٹی چارسدہ (ر) میجر نعیم جان خان کی نگرانی میں ممبران محمد نواز خان، (ر) کرنل سکندر حیات خان اور قیصر خان …
ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل سٹی چارسدہ کی کوششوں سےدو تنازعات حل
پشاور۔ 17 جون (اے پی پی):ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) سٹی چارسدہ نے دو دیرینہ تنازعات کو باہمی رضامندی اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کر دیا۔ترجمان چارسدہ پولیس کے مطابق پہلے معاملے میں ایک خاتون کی درخواست بذریعہ ڈی ایس پی سٹی چارسدہ موصول ہونے پر چیئرمین ڈی آر سی سٹی چارسدہ (ر) میجر نعیم جان خان کی نگرانی میں ممبران محمد نواز خان، (ر) کرنل سکندر حیات خان اور قیصر خان ایڈووکیٹ کی کاوشوں سے تین سال سے جاری میاں بیوی کے خاندانی تنازعہ کو پہلی ہی نشست میں خوش اسلوبی سے حل کر دیا۔ مصالحت کے نتیجے میں دونوں فریقین کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیاں دور ہوئیں، باہمی اعتماد بحال ہوا اور دونوں نے خوش دلی کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
اسی طرح ایک اور اہم معاملے میں دو بھائیوں کے درمیان تقریباً دو دہائیوں سے جاری آنگن کے تنازع کو بھی کامیابی سے حل کر لیا گیا۔ چیئرمین ڈی آر سی سٹی چارسدہ (ر) میجر نعیم جان خان نے یہ کیس سینئر ممبر خالد خان، محمد شاہد خان اور امیر زیب خان کے سپرد کیا، جنہوں نے فریقین کا موقف تفصیل سے سننے اور معاملے کا جائزہ لینے کے بعد پہلی ہی نشست میں تنازع کو خوش اسلوبی سے نمٹا دیا۔ مصالحت کے نتیجے میں برسوں کی ناراضگیاں ختم ہوئیں اور دونوں بھائی باہمی احترام اور اعتماد کے ساتھ دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آگئے۔
ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان نے ڈی آر سی ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے پرامن اور فوری حل میں ڈی آر سی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آر سی نہ صرف مقدمات کے بوجھ میں کمی لانے میں معاون ثابت ہو رہی ہے بلکہ خاندانوں کو جوڑنے، معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ اور پائیدار امن کے قیام میں بھی موثر کردار ادا کر رہی ہے۔









