ملائیشیا پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، ملائیشین ہائی کمشنر

ملائیشیا پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، ملائیشین ہائی کمشنر

ملتان۔ 19 جون (اے پی پی):ملائیشیا کے پاکستان میں تعینات ہائی کمشنر داتو محمد اظہر بن مزلان نے کہا ہے کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت، حلال انڈسٹری، زراعت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔

ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر صدر ملتان چیمبر میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ جنوبی پنجاب زراعت، فوڈ پراسیسنگ، ٹیکسٹائل اور آم کی برآمدات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں اہمیت رکھتا ہے،ملائیشین سرمایہ کاری سے خطے میں صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر صدر چیمبر نے ملائیشیا کے ہائی کمشنر کو ملتان چیمبر کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔

مزید خبریں