صدر فیصل آباد چیمبر کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیر مقدم

صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے صنعت، تجارت اور عوام کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔

فیصل آباد۔ 20 جون (اے پی پی):صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے صنعت، تجارت اور عوام کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف کاروباری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات بھی کم ہوں گے جس کے نتیجے میں مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے کے مثبت اثرات صنعتی پیداوار، برآمدات اور مجموعی معاشی سرگرمیوں پر مرتب ہوں گے۔ صدر چیمبر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے معاشی استحکام اور کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت معیشت کی بحالی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات صنعتکاروں اور تاجروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنیں گے اور اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔فاروق یوسف شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے، اضافی سرچارجز اور غیر ضروری مالی بوجھ کم کیے جائیں اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے پیداواری لاگت کو خطے کے دیگر ممالک کے برابر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی صنعت اس وقت شدید علاقائی مسابقت کا سامنا کر رہی ہے ایسے میں سستی بجلی اور سستا ایندھن ہی ملکی صنعت کو عالمی منڈی میں موثر مقابلے کے قابل بنا سکتا ہے۔

مزید خبریں