بچوں کے باعزت مستقبل کیلئے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون ناگزیر ہے،سارہ احمد
بچوں کے باعزت مستقبل کیلئے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون ناگزیر ہے،سارہ احمد

مزید خبریں
لاہور۔20جون (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے زیر اہتمام قومی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کی کنوینیئر سیم علی دادا کی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سارہ احمد نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت اور حکومت پنجاب کے بھرپور تعاون سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کو تحفظ اور بحالی کے ساتھ ساتھ ہنر مند بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
چیئرپرسن نے بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور سماجی ترقی کے شعبوں میں پنجاب حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہاکہ بچوں کے تحفظ و چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کو مالی طور پر مستحکم وخودمختار بنانے کے لیے ہنر مندی، فنی تربیت اور معاشی بااختیاری کے پروگرام جاری ہیں۔سارہ احمد نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی اور اس کے ممبران بیورو کے بچوں کی مالی خودمختاری اور ہنر مندی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔چیئرپرسن نے کہاکہ بچوں کی مالی خودمختاری اور باعزت مستقبل کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے سیم علی دادا اور چیئرمین ایف پی سی سی آئی کے تعاون کو بچوں کی معاشی خودمختاری و بااختیار مستقبل کی جانب اہم قدم قرار دیا۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے سیم علی دادا اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض و نائب صدر ذکی اعجاز کا بچوں کے تحفظ، بحالی ومالی خودمختاری کے لیے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔







