آر سی سی آئی میڈ ہیلتھ اینڈ بیوٹی ایکسپو 2026 میں غیر ملکی سفیروں کی گہری دلچسپی
آر سی سی آئی میڈ ہیلتھ اینڈ بیوٹی ایکسپو 2026 میں غیر ملکی سفیروں کی گہری دلچسپی

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 21 جون (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی)نے صحت اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں پاکستان کے بین الاقوامی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے لیے آر سی سی آئی میڈ ہیلتھ اینڈ بیوٹی ایکسپو کا انعقاد کیا جس میں ترکیہ اور سری لنکا کے اعلیٰ سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ترجمان آر سی سی آئی کے مطابق پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نظیراوغلو اور پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینیوراتنے نے ایکسپو کا دورہ کیا، جہاں آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت اور چیمبر کی قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
معزز مہمانوں نے نمائش میں مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، نمائش کنندگان سے ملاقات کی اور صحت، فارماسوٹیکل، فلاح و بہبود اور بیوٹی انڈسٹری سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے لیے آر سی سی آئی کی کاوشوں کو سراہا۔سفیر عرفان نظیراوغلو نے ایکسپو کو جدت، سرمایہ کاری اور سرحد پار کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینیوراتنے نے بین الاقوامی تعاون، علم کے تبادلے اور کاروباری شراکت داری کے فروغ میں آر سی سی آئی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز صحت کے شعبے میں جدت اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ یہ ایکسپو پاکستان کے صحت کے شعبے کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے آر سی سی آئی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی نمائندوں کی شرکت پاکستان کی صحت اور فلاح و بہبود کی صنعتوں پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔








