فیصل آباد،کاشتکاروں کو پالک کی کاشت جولائی میں شروع کرنے کی ہدایت

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پالک کی کاشت جولائی میں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فیصل آباد۔ 24 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پالک کی کاشت جولائی میں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد عامر صدیق نے کہا ہے کہ کاشتکار پالک کی بہتر پیداوار کے حصول کےلئے پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیزمیرا زمین کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پالک کی کاشت کے لئے فی ایکڑ 12سے15کلوگرام بیج استعمال کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ بیج کو بوائی سے پہلے ڈیروسال بحساب 2ملی لیٹر فی کلوگرام لگاکر کاشت کرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشت سے قبل زمین کو ہموار کرکے گوبر کی گلی سڑی کھاد 12سے 15 ٹن فی ایکڑ ڈالنے سے شاندار فصل کا حصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی کے فوراً بعد پہلی آبپاشی کریں۔انہوں نے کاشتکاروں کو مولی کی اگیتی کاشت بھی جولائی میں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مولی کی اگیتی کاشت جولائی کے پہلے ہفتہ سے شروع کرکے وسط اگست تک مکمل کر لیں تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ مولی کی 40 یوم والی قسم بہترین پیداوار دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر مولی کی کاشت کےلئے 3کلوگرام بیج کافی ہوتاہے۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے مزید رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔