محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کریلے کی فصل سے جڑی بوٹیوں اور خودرو پودوں کی فوری تلفی یقینی بنائیں اور فصل کے اگاؤ کے بعد موجود ناغوں کو بروقت پر کریں۔
محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو کریلے کی فصل سے جڑی بوٹیاں فوری تلف کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔24جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کریلے کی فصل سے جڑی بوٹیوں اور خودرو پودوں کی فوری تلفی یقینی بنائیں اور فصل کے اگاؤ کے بعد موجود ناغوں کو بروقت پر کریں۔ڈائریکٹر محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) ڈاکٹر مقصود احمد نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کاشتکار فصل کا اگاؤ مکمل ہونے کے بعد خالی جگہوں کو پُر کرنے کے لیے پانی میں بھگوئے ہوئے بیج کے 2 سے 3 دانے لگائیں اور 2 سے 3 روز تک وقفے وقفے سے پانی دیتے رہیں تاکہ بیج جلد از جلد اُگ آئیں اور فصل میں یکسانیت برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ کریلے کی فصل کو نقصان سے بچانے اور بہتر نشوونما کے لیے کھیتوں میں موجود جڑی بوٹیوں اور خودرو پودوں کی تلفی نہایت ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے کاشتکار مناسب وتر میں 4 سے 5 مرتبہ گوڈی کریں تاکہ فصل کو درکار غذائی اجزا، پانی اور روشنی باآسانی میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ فصل کو درپیش کسی بھی مسئلے کی صورت میں محکمہ زراعت کے ماہرین اور فیلڈ سٹاف سے فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت مشاورت اور تکنیکی معاونت فراہم کی جا سکے۔








