محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو کھیرے کی پچھیتی فصل کی کاشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کھیرے کی پچھیتی فصل کی کاشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ اچھی فصل کے لیے ایک کلوگرام فی ایکڑ کے حساب سے صحتمند بیج کاشت کریں۔

سیالکوٹ۔24جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کھیرے کی پچھیتی فصل کی کاشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ اچھی فصل کے لیے ایک کلوگرام فی ایکڑ کے حساب سے صحتمند بیج کاشت کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت نے بتایاکہ کاشتکاروں کو زمین کی ذرخیزی کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ نامیاتی مادے کی مقدار میں مناسب اضافے کےلئے فصل کاشت کرنے سے قبل کھیت میں 10 سے12 ٹن فی ایکڑ کے حساب سے گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کے بعد ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلانا چاہیے تاکہ کھاد زمین میں اچھی طرح مل جائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت کو ہموارکرنے کے بعد کیاریوں میں تقسیم کرتے ہوئے راؤنی کر لیں اور وتر آنے پر دو سے تین مرتبہ ہل چلاتے ہوئے سہاگہ دے کر زمین کو اچھی طرح نرم و بھربھرا کرلینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت کے وتر آنے پر تین تین میٹر کے فاصلے پر نشان لگاکر ان کے اوپر کھاد بکھیر کر پٹڑیاں بنا لیں۔ انہوں نے کہاکہ مزید معلومات کےلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔