اداکار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن میزبان فہد صلاح الدین المعروف فہد مصطفیٰ کی سالگرہ جمعہ کو منائی گئی
اداکار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن میزبان فہد صلاح الدین المعروف فہد مصطفیٰ کی سالگرہ جمعہ کو منائی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):اداکار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن میزبان فہد صلاح الدین المعروف فہد مصطفیٰ کی سالگرہ جمعہ 26 جون کو منائی گئی۔بطور پروڈیوسر ا ان کے ڈراموں کو عوامی سطح پر بہت پزیرائی ملی۔ وہ جیتو پاکستان کی میزبانی بھی کرتے ہیں، جو 2014ء سے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہو رہا ہے اور اسے پاکستان کا سب سے بڑا گیم شو قرار دیا جاتا ہے۔ فہد مصطفیٰ معروف سندھی اداکار صلاح الدین تنیو کے صاحبزادے ہیں۔
اُنھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2000ء کی دہائی کے اوائل میں کیا اور اپنی اداکاری کا آغاز ٹیلی ویژن سیریل امراؤ جان ادا سے کیا۔انھوں نے ابتدائی طور پر کراچی کی بقائی میڈیکل یونیورسٹی میں ڈاکٹر آف فارمیسی پروگرام میں داخلہ لیا لیکن اپنی تعلیم مکمل نہ کر سکے۔ فہد مصطفیٰ اپنی اداکاری کی تحریک کا سہرا بھارتی اداکار گووندا کے سر باندھتے ہیں، جن سے متاثر ہو کر انھوں نے اداکار بننے کا فیصلہ کیا۔فہد مصطفیٰ کو سب سے پہلے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ڈراما ‘شیشے کا محل سے پہچان ملی۔ان کے دیگر قابلِ ذکر ٹیلی ویژن سیریلز میں میں عبدالقادر ہوں ، ایک تمنا لاحاصل سی ، داغ ، کنکر اور دوسری بیوی شامل ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے نو سال کے طویل وقفے کے بعد 2024ء میں ہانیہ عامر کے مدمقابل ڈراما کبھی میں کبھی تم کے ذریعے ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اداکاری کی دنیا میں اپنی واپسی کی۔ فہد مصطفیٰ نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز 2014ء میں ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم نا معلوم افراد سے کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر ہٹ ہوئی۔ انھوں نے انجم شہزاد کی فلم ماہ میر اور نبیل قریشی کی فلم ایکٹر ان لاء میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اس کے بعد انھوں نے شرمین عبید چنائے کی اینیمیٹڈ فلم 3 بہادر: بابا بالام کا بدلہ میں بطور صداکار کام کیا۔ انھوں نے ندیم بیگ کی جوانی پھر نہیں آنی 2 اور نبیل قریشی کی لوڈ ویڈنگ میں مرکزی کردار ادا کیے، یہ دونوں فلمیں ایک ہی دن 22 اگست 2018کو ریلیز ہوئیں۔ فہد مصطفیٰ کی سالگرہ کے موقع پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔








