محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت وسط جولائی تک مکمل کرنے کامشورہ دیا ہے اور کہاہے کہ کاشتکار پچھیتی کاشت میں تاخیر سے گریزکریں
پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 30 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت وسط جولائی تک مکمل کرنے کامشورہ دیا ہے اور کہاہے کہ کاشتکار پچھیتی کاشت میں تاخیر سے گریزکریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع عامرصدیق نے بتایا کہ وسط جولائی تک کاشت کی صورت میں پیٹھاکدو کاپھل اکتوبر میں پک کر تیار ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ فصل کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی زرخیز میرازمین کا انتخاب بہترین نتائج کا حامل ہو سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پیٹھاکدوکی پچھیتی کاشت کے وقت کھیت میں 2سے3 مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ چلائیں اور پٹڑیاں بنانے کیلئے 1/4 میٹر پر نشان لگائیں اور نشانوں کے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر کے فاصلے پر 3بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم نائٹریٹ ملاکر بکھیر دیں اور پٹڑیاں بنالیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ایک ایکڑ کھیت کیلئے ایک کلوگرام بیج کو پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر ایک ایک میٹرکے فاصلے پر بوئیں۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔








