وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس انیشی ایٹوز، "ستھرا پنجاب، صاف ستھرا سرسبز گوجرانوالہ” اور "سوہنا پنجاب” ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
گوجرانوالہ ، ڈپٹی کمشنر کا علی الصبح دورہ، صفائی، بی آر ٹی یلو لائن سمیت ترقیاتی منصوبوں کا دورہ

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 30 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس انیشی ایٹوز، "ستھرا پنجاب، صاف ستھرا سرسبز گوجرانوالہ” اور "سوہنا پنجاب” ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، ترقیاتی منصوبوں اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ روڈ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے روڈ کے دونوں اطراف صفائی ستھرائی، سنٹر میڈین اور گرین بیلٹس کی حالت کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے جبکہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے افسران کو گرین بیلٹس میں موجود پودوں اور گھاس کی باقاعدہ آبپاشی اور مؤثر دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر و چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نے سٹیلائیٹ ٹاؤن کا بھی دورہ کیا جہاں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی عملے کو ذمہ داری، محنت اور لگن سے فرائض انجام دینے کی تلقین کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں دن بھر صفائی کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو ایم ڈی پی ایچ اے شاہد عباس نے سیالکوٹ روڈ کی سنٹر میڈین، روڈ شولڈرز اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کے منصوبے پر بریفنگ دی۔
انہوں نے تعمیراتی معیار کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر نے لیاقت پارک میں جناح سٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے پانی کی مؤثر نکاسی کے لیے زیر تعمیر زیرزمین واٹر سٹوریج ٹینک منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو تیز رفتار انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل سے نجات مل سکے۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گوجرانوالہ میں جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری میٹرو بس (بی آر ٹی یلو لائن) منصوبے کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے جاری کھدائی، تعمیراتی سرگرمیوں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تعمیراتی مقامات پر شہریوں کی حفاظت کے تمام تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق گوجرانوالہ کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت، شفاف اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کریں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔\378








