محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے پودوں کے مرجھائو اور سرخ پن سے بچائو بارے ایڈوائزری جاری کر دی۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ساہیوال، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژنز کے بعض علاقوں میں اگیتی کپاس کے پتوں پر سرخ پن اور پودوں کا مرجھائو مشاہدہ میں آیا ہے
محکمہ زراعت، کپاس کے پودوں کے مرجھائو اور سرخ پن سے بچائو بارے ایڈوائزری جاری
لاہور۔30جون (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے پودوں کے مرجھائو اور سرخ پن سے بچائو بارے ایڈوائزری جاری کر دی۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ساہیوال، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژنز کے بعض علاقوں میں اگیتی کپاس کے پتوں پر سرخ پن اور پودوں کا مرجھائو مشاہدہ میں آیا ہے۔کاٹن ریڈننگ غذائی اجزا میں عدم توازن،خصوصا ًپوٹاش اور میگنیشیم کی کمی،کمزور جڑوں کے نظام اور مٹی کے مسائل کے باعث پیدا ہوتی ہے
جبکہ اس کے برعکس،کپاس کا مرجھائو مٹی میں نمی کی انتہائی کمی یا زیادتی،بالخصوص موجودہ خشک سالی کے حالات کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ کپاس کے کاشتکار اس سے بچائو کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے100 لٹر پانی میں 500 گرام پوٹاشیم نائٹریٹ اور350گرام میگنیشیم سلفیٹ ملا کر فی ایکڑ سپرے کریں۔اس کے علاوہ کپاس کی فصل کی واٹر سکاؤٹنگ کے بعد آبپاشی کریں۔خاص طور پر کاشتکار پھل گڈی بننے کے موقع پر پانی کی کمی ہر گز نہ آنے دیں۔









