محکمہ زراعت پنجاب نے گوبھی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ موجودہ گرم اور مرطوب موسم کے باعث گوبھی کی پنیری پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملے کا خدشہ بڑھ گیا ہے،
گوبھی کے کاشتکار پنیری پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملےکے پیش نظرحفاظتی اقدامات کریں،محکمہ زراعت سیالکوٹ

مزید خبریں
سیالکوٹ۔1جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے گوبھی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ موجودہ گرم اور مرطوب موسم کے باعث گوبھی کی پنیری پر سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، اس لئے بروقت حفاظتی اقدامات اختیار کیے جائیں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق پھول گوبھی کی پنیری کا اگاؤ مکمل ہونے کے بعد پودوں کی چھدرائی کی جائے اور بیمار، کمزور یا متاثرہ پودوں کو فوری طور پر نکال دیا جائے، جبکہ صحت مند پودوں کی مناسب تعداد برقرار رکھی جائے تاکہ بہتر نشوونما ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار پنیری کا روزانہ معائنہ کریں اور سفید مکھی و لشکری سنڈی کے مؤثر تدارک کے لئے نئی کیمسٹری پر مبنی زرعی ادویات محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق استعمال کریں۔
پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سے قبل اچھی طرح آبپاشی کی جائے تاکہ جڑیں نرم ہو جائیں اور پودے اکھاڑتے وقت جڑوں کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ اگر پنیری کمزور ہو تو کاشتکار ایک پاؤ یوریا کھاد فی مرلہ استعمال کریں تاکہ پودے صحت مند رہیں اور بہتر بڑھوتری حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار مزید رہنمائی اور تکنیکی معلومات کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈ اسٹاف سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مشاورت کے ذریعے فصل کو بہتر انداز میں محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے۔








