سیالکوٹ،محکمہ زراعت پنجاب کی کپاس کی سفید مکھی کے مؤثر تدارک کے لیے ہدایات جاری

محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی فصل کو سفید مکھی کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے کاشتکاروں کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں، جس میں بروقت نگرانی، جڑی بوٹیوں کے خاتمے اور ضرورت کے مطابق زرعی ادویات کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔

سیالکوٹ۔ 01 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی فصل کو سفید مکھی کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے کاشتکاروں کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں، جس میں بروقت نگرانی، جڑی بوٹیوں کے خاتمے اور ضرورت کے مطابق زرعی ادویات کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔کاشتکار بالخصوص اگیتی کپاس کی فصل کی ہفتے میں دو مرتبہ پیسٹ سکاؤٹنگ کریں تاکہ سفید مکھی کی بروقت نشاندہی اور تدارک ممکن ہو سکے۔ اس کےساتھ کپاس کے کھیت اور اس کے اردگرد موجود جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کیا جائے اور متبادل میزبان فصلوں پر بھی سفید مکھی کا بروقت کنٹرول یقینی بنایا جائے۔

محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکار فصل کو پانی کی کمی ہرگز نہ آنے دیں اور موسمی حالات اور فصل کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کریں۔ سفید مکھی کی نگرانی کے لیے فی ایکڑ 20 پیلے چکنے والے کارڈز نصب کیے جائیں اور ہر 15 روز بعد ان پر چپکنے والا گلو دوبارہ لگایا جائے۔ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ اگر سفید مکھی کی تعداد معاشی نقصان کی حد، یعنی فی پتے پر 5 بالغ یا بچے یا دونوں ملا کر پہنچ جائے تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے مناسب زرعی زہر کا سپرے کیا جائے۔

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ایک ہی کیمیائی گروپ کی زرعی ادویات کے بار بار استعمال سے گریز کرنے، سپرے سے قبل سپرے مشین کی کیلی بریشن کرنے اور بہتر نتائج کے لیے ترجیحی طور پر ہالوکون نوزل یا پاور سپرئیر استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں