ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ہوئی،رپورٹ

ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اوسی اے سی اور انڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال2026 میں ملک میں 16.19ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جومالی سال 2025کے مقابلے میں ایک فیصد کم ہے، مالی سال 2025میں ملک میں 16.32ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ جون 2026میں ملک میں 1.26ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جومئی کے 1.17ملین ٹن کے مقابلے میں 7فیصد زیادہ اور گزشتہ سال جون کے 1.57ملین ٹن کے مقابلے میں 20فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2026میں 7.68ملین ٹن پٹرول کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 2025کے 7.60ملین ٹن کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے، جون میں 0.65ملین ٹن فروخت کی ریکارڈ کی گئی جو مئی کے 0.62ملین ٹن کے مقابلے میں 5فیصد زیادہ اور گزشتہ سال جون کے 0.73ملین ٹن کے مقابلے میں 11فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2026میں ملک میں 0.85ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوسال 2025کے 6.89ملین ٹن کے مقابلے میں ایک فیصد کم ہے، جون میں 0.50ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت ہوئی جو مئی کے 0.45ملین ٹن کے مقابلے میں 9فیصد زیادہ اور گزشتہ سال جون کے 0.62ملین ٹن کے مقابلے میں 20فیصد کم ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق سال 2026میں ملک میں 0.60ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 2025کے 0.81ملین ٹن کے مقابلے میں 26فیصدکم ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2026میں پی ایس او کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 6.87ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2025کے 7.19ملین ٹن کے مقابلے میں 4فیصد کم ہے۔اسی طرح اٹک پٹرولیم کمپنی کی 3ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ہوئی جو سال 2025کے 1.43ملین ٹن کے مقابلے میں 7فیصد کم ہے،شیل کی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم مالی سال 2026میں 1.32ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2025کے 1.20ملین ٹن کے مقابلے میں 10فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح مالی سال 2026میں حیسکول کی 0.50 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ہوئی جو مالی سال 2025کے 0.55ملین ٹن کے مقابلے میں 8فیصد کم ہے۔

مزید خبریں