محکمہ زراعت پنجاب کی مون سون کی بارشوں کے دوران فصلوں کے تحفظ کیلئے ہدایات جاری
محکمہ زراعت پنجاب کی مون سون کی بارشوں کے دوران فصلوں کے تحفظ کیلئے ہدایات جاری

مزید خبریں
لاہور۔2جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے مون سون کی بارشوں کے دوران فصلوں کے تحفظ کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ترجمان کے مطابق کا شتکارمون سون کی بارشوں کے دوران اپنی فصلات کے تحفظ کیلئے خصوصی انتظامات کریں، کماد، دھان اور چارہ جات کی فصلات پانی کی زیادتی کو برداشت کر جاتی ہیں لہذا بارش کے زائد پانی کو ان فصلات میں منتقل کرنے سے مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے ہیں جبکہ کپاس اور سبزیاں پانی کی زیادتی برداشت نہیں کرتی ہیں اس لئے ان فصلات سے بارش کے زائد پانی کی نکاسی کا فوری بندو بست کرنا چاہیے تا کہ یہ فصلات بارشوں کے مضر اثرات سے محفوظ رہیں۔
اسی طرح پٹریوں پر کاشتہ فصل بارش کے ہونے والے مضر اثرات سے قدرے زیادہ محفوظ رہتی ہیں،کپاس یا سبزیات کے قریب اگر کماد یادھان کی فصل موجود ہو تو بارش کا زائد پانی ان میں منتقل کیا جا سکتا ہے ،اگر پاس خالی کھیت ہو تو کھائی کھود کر بارش کا زائد پانی اس میں منتقل کر دیں۔
ترجمان نے کہاکہ کپاس کی فصل پانی کے معاملے میں انتہائی حساس ہوتی ہے، اگر بارش کا پانی 48 گھنٹے کھڑا رہے تو کپاس کے پودے مرنا شروع ہو جاتے ہیں، بارش کے بعد اگر ضرورت محسوس ہو تو کپاس کے پودے پر محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے گروتھ ریگولیٹرز کا سپرے بھی کیا جاسکتا ہے۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ریڈیو اور ٹی وی سے نشر ہونے والے موسمی پیشن گوئی پر نظر رکھیں تا کہ اپنی فصلوں کی آبپاشی کیلئے اس کے مطابق اپنا پروگرام ترتیب دے سکیں۔
اسی طرح مون سون کے موسم میں جڑی بوٹیوں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے، یہ جڑی بوٹیاں نہ صرف غذائی ضرروتوں کے اعتبار سے فصل کے پودوں سے مقابلہ کرتی ہیں بلکہ یہ ضرر رساں کیڑوں کی پناہ گاہ بھی ثابت ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں رس چوسنے والے کیڑوں کے حملے کا خطرہ زیادہ ہو جاتا ہے کیونکہ موسم میں نمی اور حبس ان کی افزائش میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے اس لئے کاشتکاران ضرررساں کیڑوں کے تحفظ کیلئے محکمہ زراعت (توسیع یا پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملے سے مشورہ کریں۔








